بھٹکل 22 اگست (ایس او نیوز) بھٹکل میں سنیچر رات کو ہوئی اغوا کی واردات کے بعد پولس نے ایک طرف آج پیر کو 8سالہ علی سعدا کو گوا سے بازیافت کیا، وہیں دوسری طرف اس معاملے میں تین لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔
گرفتار شدگان کی شناخت بدریہ کالونی کے محمد انیس ابن شمش الدین باشا (32)، فردوس نگر کے ابرار ابن محی الدین شیخ (19) اور حنیف آباد کے محمد منصور ابن عبدالکریم (27) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
پولس نے بتایا کہ ان تینوں کو کل یعنی منگل صبح بھٹکل جے ایم ایف سی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور مزید پوچھ تاچھ کے لئے عدالت سے انہیں پولس ریمانڈ میں لینے کی کوشش کی جائے گی۔ پولس نے بتایا کہ ان ملزمین کے پاس سے اغوا میں استعمال کی ہوئی کار، چاقو اور دیگر چیزیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ پتہ چلا ہے کہ ابرار کو بھٹکل سے، انیس کو کمٹہ سے اور منصور کو کاروار سے گرفتار کیا گیا ہے۔
بتاتے چلیں کہ نونہال سینٹرل اسکول میں دوسری درجہ کے متعلم علی سعدا کو سنیچرکے روز رات قریب آٹھ بجے اغوا کیا گیا تھا، اور لڑکے کو اٹھاکر وین میں ڈالنے کی واردات قریب میں موجود سی سی ٹی وی میں قید ہوگئی تھی، جیسے ہی یہ وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی، پورے شہر میں سنسنی مچ گئی۔ عوام اپنے بچوں کو گھر سے باہر بھیجنے میں خوف محسوس کرنے لگے، سوشیل میڈیا پر بھی واقعے کو لے کر زبردست بھوال مچ گیا، لیکن پولس نے مقامی نوجوانوں کے تعاون سے قریب تیس گھنٹوں میں ہی لڑکے کو گوا سے بازیافت کرلیا اور اس بات کا انکشاف کیا کہ اس معصوم لڑکے کو اغوا کرنے کے پیچھے لڑکے کی ماں کا سگا مامو عنایت اللہ اسحاقی ملوث ہے۔ پولس نے واضح کیا کہ لڑکے کےوالد اسلام سعدا کے ساتھ مالی لین دین کو لے کر عنایت اللہ اسحاقی نے لڑکے کا اغوا کرایا تھا تاکہ اسلام سعدا پر رقم کی وصولی کے لئے دباؤ بنایا جاسکے۔
اتر کنڑا کی ایس پی ڈاکٹر سمن پینیکر نے بتایا کہ اغوا کی واردات کے بعد عوام کو خوف وہراس میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ اس بچے کو اس کے والد کی ذاتی دشمنی کی وجہ سے اغوا کیا گیا تھا اور یہاں کوئی دوسری وجہ نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کی پولس نہایت متحرک ہے۔اور بتایا کہ واردات کا بچے کے والد اسلام سعدا کے ساتھ مالی لین دین کا تنازعہ تھا، اسی کو لے کرخود لڑکے کے رشتہ دار نے ہی لڑکے کا اغوا کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اغوا کی واردات میں جو بھی لوگ ملوث پائے گئے ہیں، پولس ان تماموں کو جلد سے جلد گرفتار کرے گی اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا۔
پولس ٹیم کی کامیابی پر قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن سمیت شہر کے تمام عوام نے پولس بالخصوص ایس پی ڈاکٹر سمن پینیکر اور ڈی وائی ایس پی ںیلی ایپا بشمول سرکل پولس انسپکٹر دیواکر اور دیگر اہلکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا ہے۔